اسلام آباد: ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نَصر براعظم افریقہ کے مختلف ممالک میں جزبہ خیرسگالی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کینیا پہنچ گیا۔
کینیا کی بندرگاہ ممباسا پہنچنے پر میزبان بحریہ کے حکام نے پاکستانی سفیر کے ہمراہ جہاز کا والہانہ استقبال کیا اور پاک بحریہ کے مشن کمانڈر کی کمانڈر کینیا نیوی سمیت اعلٰی سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشن کمانڈر نے حکومت پاکستان اور سربراہ پاک بحریہ کی جانب سے کینیا کے عوام کیلٸے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور اس پر پاکستانی موقف سے بھی میزبان حکام کو آگاہ کیا گیا۔
اس دورے کا مقصد حکومت پاکستان کی (Engage Africa) پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا فروغ اور باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔