کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کو ملکی تاریخ کی سب سے کرپٹ سرکار قرار دے دیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شروع میں ہی حکومت کو بتادیا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے مگر عمران خان نہیں مانے اور ملکی معیشت تباہ ہوگئی،۔ عمران خان کو ایک ایسے بدترین حکمران کے طور پر یاد رکھا جائے گا کہ جس نے احتساب کا نعرہ لگاکر کرپشن کو فروغ دیا۔ عمران خان ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹیں لہرا کر سب کو کرپٹ کہتے تھے اور آج وہی ادارہ کہہ رہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے سب سے زیادہ لوٹ مار کی۔ احتساب کو ہتھیار بنا کر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے والے عمران خان کو تاریخ کے کوڑے دان میں بھی جگہ نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہہ صدر زرداری کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کیلئے ان کے خلاف جعلی ثبوت ڈھونڈنے کا ٹھیکہ غیرملکی فرم کو دینے والوں نے خود اس ادارے کو اربوں روپے جرمانہ ادا کیا۔ کرپشن کے جھوٹے الزامات کی مہم جوئی، مقدمات اور تحقیقات میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے قوم کے اصل مجرم ہیں۔ کیا یہ سیاسی انتقام نہیں کہ تحقیقات میں پی ٹی آئی وزرا اور مشیروں پر کرپشن ثابت ہوئی مگر محض الزام کی بنیاد پر صرف خورشید شاہ قید میں ہیں۔