وانا: ملک بھر میں پاسپورٹ بنوانے کے عمل میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث شہریوں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔ ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس 15,000 روپے مقرر ہے لیکن اس کے باوجود اسے حاصل کرنے میں 15 دن کا وقت لگتا ہے۔ دوسری جانب نارمل پاسپورٹ کی فیس 5,000 روپے ہونے کے باوجود درخواست دہندگان کو 7 ماہ تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔
سماجی کارکن زاربت خان وزیر نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر شہری مالی مشکلات کے باعث ارجنٹ پاسپورٹ بنوانے کی سکت نہیں رکھتے۔ پاسپورٹ کی تجدید کے عمل میں بھی شدید رکاوٹیں درپیش ہیں اور کئی درخواست گزاروں کو 25,000 سے 30,000 روپے تک ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ یہ صورتحال غریب اور متوسط طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ پاسپورٹ کے اجراء کے عمل کو فوری طور پر آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں اور ضرورت مند شہریوں کو بروقت پاسپورٹ فراہم کیا جا سکے۔
عوام نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاسپورٹ فیسوں میں کمی اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے لوگ بھی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔