اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے سے متعلق تحقیقات پر بریفنگ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان اور سی ای او پی آئی اے سمیت دیگر حکام طلب کر لیا ہے، وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس اب سے کچھ دیر بعد شروع ہوگا۔ پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام وزیر اعظم عمران خان کو طیارہ حادثے سے متعلق ابتدائی رپورٹ پر بریفنگ دیں گے اور وزیراعظم کو حادثے کی تحقیقات سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ سے چندسیکنڈ قبل گر کر تباہ ہو گیا تھا ،حادثے میں عملے کے افراد سمیت 97 مسافر جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ دو مکانات مکمل طور پر تباہ اور دیگر کو جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا جب کہ ہوائی جہازوں کے انجن بنانے والی بین الاقوامی کمپنی ائیر بس کے ماہرین بھی حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں پاکستان میں موجود ہیں