اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرِ صدارت پاکستان میں مگس بانی کے شعبے کے فروغ پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آل پاکستان مگس بان و مگس فروش ایسوسی ایشن کے صدر ندیم قاسمی اور اعلیٰ حکام کی شرکت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شہد کی پیداوار اور معیار میں اضافے کیلئے مگس بانی کے جدید طریقے اپنائے جائیں۔ مگس بان افراد کی استعداد کار میں اضافے سے شہد کی پیداوار اور معیار میں اضافہ لایا جاسکتا ہے۔ حکومت مگس بانوں کی حوصلہ افزائی اور آسانی کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرض دے گی اور مگس بانی کی ترقی کیلئے نیوٹک اور ٹیوٹا جیسے تربیتی اداروں میں اعلی درجے کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ پاکستان کی آب و ہوا اور نباتات اعلیٰ معیار کے شہد کی تیاری کے لئے موزوں ہے اور مگس بانی کے شعبے میں لوگوں کو روزگار مہیا کرنے اور زرمبادلہ کمانے کی بڑی صلاحیت ہے۔ حکومت کے دس بلین ٹری سونامی پروگرام سے مگس بانی کا ماحول بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شہد کی پیداوار اور برآمد ات میں اضافے کیلئے شعبے کے مسائل حل کریں۔ اسٹیک ہولڈرز مگس بانی میں تربیتی کورسز اور ورکشاپس کے انعقاد سے ہنرسازی پر توجہ دیں۔