کراچی: وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ وہ پیکا کیخلاف صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ پیکا ایکٹ میں کی گئی ترامیم آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کے خلاف ہیں آزادی اظہار رائے بنیادی انسانی حقوق میں سے ایک ہے اور اس آزادی کو چھیننا آمریت کے مترادف ہے۔ ملک میں صحافیوں اور عام شہریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم رکھنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔
وہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہی تھیں، مظاہرے میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر پیکا قانون نامنظور، پیکا کو واپس لو، ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے کے پرشگاف نعرے بھی بلند کیے گئے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ میں بطور صحافی اور سوشل ایکٹوسٹ آپ کی آواز میں آواز ملا رہی ہوں، ملک میں گذشتہ چار سالوں سے بدترین فاشزم ہے اور ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے ملک میں جس طرح ہر تنقیدی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے یہ بزدلانہ روش ہے، ہمیں پیکا کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحافی اپنے حق کے لیے آواز بلند نہیں کریں گے تو پھر وہ کسی بھی آواز نہیں بن سکیں گے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اقبال نے کہا کہ میں صحافیوں سمیت سول سوسائٹی کے ان تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں جو آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کی اس جدوجہد میں ہمارے ساتھ ہیں۔ یہ صرف صحافیوں کا مسئلہ نہیں ہے یہ اس سوسائٹی کے ہر فرد کا مسئلہ ہے کہ انہیں جاننے کے حق سے محروم رکھنے کی سازش کی جارہی ہے۔
کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یہ نہ بھولے کہ ماضی میں آمرانہ ادوار میں بھی صحافیوں کی آواز بند کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں لیکن ہر دفعہ جیت ہماری ہوئی ہے اس بار بھی ہم ہی جیتیں گے کیونکہ ہم جھکنے یا ڈرنے والے نہیں ہیں۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پیکا کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے اور اگر یہ احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا تو کراچی میں بھی صحافی سڑکوں پر ہوں گے اور پھر کوئی بھی ایوان ہم سے دور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیکا کو ملک کی عدالتوں میں چیلنج کیا گیا ہے اور ہمیں عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔
مظاہرے سے کے یو جے کے خزانچی لیاقت رانا، پی ایف یو جے کے سابق نائب صدر خورشید تنویر، سردار لیاقت، نعیم کھوکھر، حاجی احمد مجاہد، جاوید چوہدری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔