سیاست کے تقدس کو پامال کرنے اور جھوٹ بولنے میں تحریک انصاف کا کوئی ثانی نہیں، امیر حیدر خان ہوتی

0
87

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نےکہا ہے کہ سیاست کے تقدس کو پامال کرنے اور جھوٹ بولنے میں تحریک انصاف کاکوئی ثانی نہیں ہے ۔ پچھلے آٹھ سال میں جتنے جھوٹ موجودہ حکمرانوں نے بولے ہيں 70 سالہ تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ ریاست مدینہ کے نام کو استعمال کرکے پاکستان کے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ پچھلی حکومتوں کو چور اور کرپٹ کہنے والوں نے اپنے دورحکومت میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔ ریاست اور ریاستی اداروں کے فیصلے جوتش سے کئے جارہے ہیں جو ملک چلانے کے ساتھ مذاق کے مترادف ہیں۔

نوشہرہ پی کے 61 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ2010 میں اے این پی نے صوبائی خودمختاری کے حصول ممکن بنایا لیکن پچھلے آٹھ سال میں صوبائی حکومت اس سے استفادہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ صوبے کے عوام کو بتایا جائے کہ صوبائی حکومت نے آٹھ سالہ دوراقتدار میں مرکز سے صوبے کے کونسے حقوق حاصل کئے ہیں؟ بجلی کے جو منصوبے اے این پی نے اپنے دور حکومت میں شروع کئے تھے اس کے علاوہ آج تک کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا جاسکا۔ اے این پی اپنے دور حکومت میں ایک طرف دہشتگردی اور قدرتی آفات کا مقابلہ کررہی تھی تو دوسری جانب صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے دورحکومت میںمرکز سے صوبے کے حقوق حاصل کرکے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ موجودہ حکمران بیرونی قرضے لیکر بھی صوبے کے عوام کو ریلیف پہنچانے میں ناکام رہے ہیں۔ آج بی آر ٹی اور ایکسپریس وے کیلئے بیرونی قرضہ لیا جاتا ہے تو اس میں بھی کرپشن کرتے ہیں۔ یہ باچا خان کے پیروکاروں ہی کی حکومت تھی کہ پولیس سمیت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پچاس اور سو فیصد تک اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے ملکی اداروں سمیت ہر شعبے کو تباہی سے دوچار کردیا ہے۔مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے اور آئے روز غریب عوام پر مہنگائی کے بم برسائے جارہے ہیں۔ گھی، چینی، آٹے، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ پٹرول، گیس اور بجلی پر نت نئے ٹیکسز لگائے جارہے ہیں اور انکے نرخوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ بدقسمتی اور کیا ہوگی کہ دوائیوں کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ کرکے نااہل حکمران علاج معالجے کی سہولت بھی عوام سے چھیننے پر تلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کے دعویداروں نے عدلیہ کے ساتھ جو سلوک کیا وہ آمروں کے دور میں بھی نہیں ہوا۔جس میڈیا نے عمران خان کو چوبیس گھنٹے کوریج دی اور اس کو عوام کے ذہنوں پر سوار کیا آج اسی میڈیا کو پابندیوں کا شکار بنایاجارہا ہے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نام پر میڈیا کو زنجیروں میں جکڑنے کی تیاریاں ہورہی ہیں اور ان پر قدغنیں لگائی جارہی ہیں۔

مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدرخان ہوتی نے کہا کہ اے این پی ذمہ داران وکارکنان کو مہنگائی کے خلاف صوبہ بھر میں کامیاب احتجاجی مظاہروں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اے این پی ذمہ داران و کارکنان نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کے حقیقی نمائندے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ میدان میں موجود رہیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی نااہل حکمرانوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کرے گی،وقت آگیا ہے کہ عوام سرخ جھنڈے تلے جمع ہوکرنا اہل حکمرانوں کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیں۔ عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں وطن دوست کے نام سے حصہ لے گی۔ انتخابات میں بھرپور مقابلہ کرے گی اور نتائج سے یہ ثابت کرے گی کہ باچا خان کے پیروکار ہی اس مٹی کے اصل وارث ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں