اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی معاشی، سیاسی اور مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی سردار عبدالقیوم خان نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کا عہد سنبھال پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عبدالقیوم خان نیازی کی قیادت میں آزاد کشمیر ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن ہوگا۔ آزاد کشمیر کی موجود حکومت سردار عبدالقیوم خان نیازی کی قیادت میں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کر یگی۔ پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کرنے کے لیے دنیا بھر علاقائی و عالمی فورم پر آواز اٹھا رہا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے نیک خواہشات کے اظہار پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کا کاوشیں قابل ستائش ہے۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے آزاد کشمیر کی حکومت کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگی۔ سیاحت کے شعبے کی ترقی آزاد کشمیر کی موجود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔