کراچی: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں افسران کی کمی کے باعث گریڈ 19 کے افسر ضیاء الرحمن جو جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کے چھوٹے بھائی کو سندھ واپس خیبر پختونخوا بلالیا ہے اور سندھ حکومت کو دی جانی والی خدمات واپس لی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں ضیاء الرحمن کی کمی اس حد تک محسوس کی گئی کہ ہفتہ 25 جولائی 2020 کو ہفتہ واری چھٹی کے دن خیبر پختونخوا حکومت نے واپسی کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور 24 گھنٹے کے اندر ہی اںدر وفاقی حکومت نے بھی فوری واپسی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ چارج لینے کے آدھے گھنٹے بعد ہی آفیسر کو نئے تبادلے سے آگاہ کیا گیا مگر سندھ حکومت کے حتمی فیصلے تک ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کراچی ہیں۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمن کی سندھ میں تعیناتی 22 جنوری 2020 کو حکومت خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کی منظوری سے ہوئی تھی۔ 23 جولائی 2020 کو سندھ حکومت نے ضیاء الرحمن کو کراچی کے ضلع وسطی کراچی میں ڈپٹی کمشنر مقرر کیا۔ جنہوں نے 27 جولائی 2020 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور جس کے آدھے گھنٹے بعد پھر تبادلے کا نوٹیفکیشن مل گیا۔