کراچی: پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین کے چیئرمین کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا۔ انصاف لیبر یونین کے چیئرمین کے زیر استعمال اسٹیل ملز کی سرکاری ٹیوٹا کرولا گاڑی ٹیکسی کے طور پر استعمال کرتے ہوئے پکڑی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز میں انصاف لیبر یونین کے چیئرمین کے زیر استعمال اسٹیل ملز کی سرکاری ٹیوٹا کرولا گاڑی نمبر اے-جی-ایم 698 ٹیکسی کا استعمال کرتے ہوئے پکڑی گئی۔ حال ہی میں یاسین جھامڑو نے این-آئی-آر-سی سے سی بی اے کی مراعات کا اسٹے آرڈر لیا ہوا ہے جس میں سرکاری گاڑی بھی شامل ہے جو رینٹ پر استعمال ہورہی ہے۔ زرائع کے مطابق سرکاری گاڑی مسافروں کو چھوڑنے دادو گئی ہوئی تھی جسے دادو سے واپسی پر کاٹھورکے مقام پر ٹریس گیا جو مسافروں کو دادو سے واپس لے کر کراچی آرہی تھی۔ اسٹیل ملز ٹرانسپورٹ ویجی لینس نے گاڑی کو کاٹھور کے مقام پر روکنے کی کوشش تاہم گاڑی کا ڈرائیور تیزی سے گاڑی بھگاتا ہوا نکل گیا جسے اسٹیل ٹائون شپ چیک پوسٹ پر پکڑ لیا گیا۔
ابتدائی سیکورٹی معلومات کے مطابق پکڑے گئے ڈرائیور سے پوچھ گچھ دوران معلوم ہوا کہ ڈرائیور کا نام اعجاز سموں ہے جو گاڑی چلا رہا تھا اور پاکستان اسٹیل کے ٹائون شپ ڈیپارٹمنٹ میں الیکٹریشن ہے۔ اعجاز سمو پارٹ ٹائم انصاف لیبر یونین کے چئیرمین یاسین جامڑو کی گاڑی چلا کر پیسہ کماتا ہے۔ زرائع کے مطابق جب اس سیکورٹی کاروائی کی اطلاع یاسین جامڑو کو ملی تو وہ اپنے 10 سے 15 کارندوں کے ساتھ چیک پوسٹ آیا اور گالم گلوچ کرکے واپس چلا گیا۔
یاد رہے پاکستان اسٹیل کی ملکیتی سرکاری گاڑی کا کمرشل استعمال اور بنا اجازت آئوٹ اسٹیشن لے کر جانا اسٹیل ملز کے ایس-او-پی کی خلاف ورزی، قانونی جرم ہے۔