ممبئی: بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھارت کے ساتھ اظہار یکجہتی اور رحم دلی دکھانے کے لیے پاکستان کا شکر ادا کیا ہے۔
بھارت میں کورونا وبا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گزشتہ کئی روز سے پاکستانی شہری بھارت کے ساتھ اظہار ہمدردی کر رہے ہیں۔ پاکستان میں ٹوئٹر پر ’’پاکستان اسٹینڈود انڈیا‘‘ سمیت ’’انڈیا نیڈز آکسیجن‘‘، ’’انڈیا لائیوز میٹر‘‘ اور’’پرئینگ فور انڈیا‘‘ کے ٹاپ ٹرینڈز بھی بنے۔
جہاں پاکستانی عوام اس مشکل گھڑی میں بھارت کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہی ہے وہیں سماجی کارکن فیصل ایدھی نے بھارت کو ایمبولینس سروس اور رضاکار بھجوانے کی پیشکش کی ہے اور وزیراعظم پاکستان نے بھی بھارت کے لیے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سمیت دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
پاکستانیوں کے اس نیک عمل نے پاکستان مخالف سوچ رکھنے والی اور ہر وقت پاکستان کے لیے زہر اگلنے والی بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو بھی پاکستانیوں کی تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔ اور اب ایک اور بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سوارا بھاسکر نے ٹوئٹر پر لکھا اس حقیقت کے باوجود کہ ہمارا میڈیا اور مرکزی دھارے میں شامل عوامی گفتگو میں مسلسل پاکستانیوں کو نیچا دکھایا جاتا ہے، پاکستانی سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا کی جانب سے اس تباہ کن وقت کے دوران بھارت کے لیے اظہار یکجہتی اور رحم دلی دکھانے پر شکرگزار ہوں۔ پڑوسی آپ کے بڑے دل کے لیے شکریہ۔
اس سے قبل جب شعیب اختر نے بھارت میں کورونا کی ابتر صورتحال پر اظہار یکجہتی کیا تھا تو سوارا بھاسکر نے اس ویڈیو کو ٹوئٹر پر شیئر کراتے ہوئے شعیب اختر کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔
دریں اثنا اداکارہ کنگنا رناوت نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا ’’پاکستانیوں کی جانب سے ’پاکستان اسٹینڈ ود انڈیا‘ کا ٹاپ ٹرینڈ دیکھ کر اچھا لگا، ہم بھی اس مشکل وقت میں ان کی اس ہمدردی کے معترف ہیں‘‘۔