اسلام آباد: ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا سعودی عرب کی بندرگاہ جدہ کا دورہ کیا۔ بندرگاہ آمد پر میزبان بحریہ اور پاکستانی سفارتی حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔
سعودی بحریہ کے کمانڈر ویسٹرن فلِیٹ کمانڈ اور کمانڈر ویسٹرن نیول ایویشن گروپ نے پی این ایس ذوالفقار کا دورہ کیا۔ میزبان حکام نے مشن کمانڈر اور جہاز کے کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مشن کمانڈر نے امیرالبحر کی جانب سے سعودی عرب کے عوام بالخصوص سعودی بحریہ کیلٸے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ جدہ آمد سے قبل پی این ایس ذوالفقار نے بحیرہ روم میں ترک اور اطالوی بحریہ کے جہازوں کے ہمراہ دو طرفہ بحری مشقوں میں بھی حصہ لیا۔
مشقوں کے دوران مختلف بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز کا سعودی عرب کا دورہ اور ترک اور اطالوی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں میں شرکت دوست ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مضبوط تعلقات کو مذید فروغ دے گا۔