اسلام آباد: شہباز شریف حکومت نے عمران خان دورِ حکومت کے 30 روپے پٹرول پر بڑھا دیے اور آج رات سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔
وفاقی حکومت نے مہنگائی میں پسے ہوئے عوام پر پٹرول بم گرا دیا، پٹرول اور ڈیزل کی کی قیمت میں 30 روپے فی لٹر اضافہ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائے بغیر آئی ایم ایف پروگرام نہیں مل سکتا، پٹرول، ڈیزل اور کیروسین آئل 30 روپے مہنگا ہوگا، فیصلے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ آئی ایم ایف نے پٹرول کی قیمت بڑھانے تک ریلیف سے انکار کیا ہے، عمران خان کے فارمولا پر جاؤں تو پٹرول 205 روپے لیٹر ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے سماجی ابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ پٹرول کی نئی قیمت 179 روپے 86 پیسے فی لٹر، ڈیزل کی فی لٹر قیمت 174 روپے 15 پیسے ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث آج مشکلات کا سامنا ہے، سابق حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کو فکس کیا، عوام پر کسی بھی قسم کا بوجھ ڈالنا ہمارے لیے مشکل فیصلہ تھا۔