کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سینئر رکن اور ڈیلی نیوز کے سینئر ایڈیٹر طلعت اسلم طویل علالت کے بعد آج انتقال کرگئے، اناللّہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم جیو نیٹ ورک کے پریذیڈنٹ عمران اسلم کے بھائی تھے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے طلعت اسلم کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے مرحوم کی نماز جنازہ و تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے۔
کے یو جے کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک تعزیتی بیان میں طلعت اسلم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مرحوم ایک سینئر صحافی تھے جو کئی اخبارات کے مدیر بھی رہے، کراچی کی صحافی برادری میں ان کے سینکڑوں شاگرد موجود ہیں۔ آج دنیائے صحافت ایک بہترین صحافی سے محروم ہوگئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں کراچی سمیت ملک بھر کی صحافی برادری طلعت اسلم کے اہلخانہ کے ساتھ ہے۔ کے یو جے نے طلعت اسلم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی ہے۔