لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان سامنے آگیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گزشتہ شب اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ پی پی پی، اے این پی، جے یو آئی(ف)، جمعیت اہلحدیث، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماوں نے عشائیہ میں شرکت کی۔ محسن خان داوڑ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما بھی عشائیہ میں شریک ہوئے۔
شہبازشریف نے اپوزیشن پر پارلیمان کے اندر متحد ہوکر بجٹ سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا اور عشائیہ میں پی ڈی ایم سے متعلق امور زیر غور نہیں آئے، نہ ہی اس حوالے سے کوئی پیشکش یا تجویز دی گئی۔
شہباز شریف نے اپوزیشن کو غلط معاشی اعدادوشمار پیش کرنے کے معاملے پر مشترکہ ردعمل اختیار کرنا کے لئے کہا اور اپوزیشن کو مل کر حکومت کی تاریخی نااہلی اور نالائقی بے نقاب کرنے کے لئے کہا۔ عوام اور ملک کے مفادات کی حقیقی ترجمانی اپوزیشن کا فرض ہے جسے بھرپور طورپر ادا کیاجائے۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ پارلیمان کے اندر اپوزیشن کی متحدہ آواز سے حکومت کو عوام دشمن اقدامات سے روکنا ضروری ہے اور میڈیا سے درخواست ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے عشائیہ سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ میڈیا سے گزارش ہے کہ اس حوالے سے کوئی بھی خبر بغیر تصدیق نہ چلائی جائے۔