کراچی: پاکستان میں پہلی بار ہوائی سفری سہولت ایئرٹیکسی متعارف کرنے والی کمپنی کے سربراہ عمران اسلم کراچی ایئرپورٹ سے لاپتہ ہوگئے، اس حوالے سے دی پاکستان کو ملنی والی معلومات کے مطابق پاکستان میں پہلی ایئر ٹیکسی کے سربراہ عمران اسلم کے لاپتہ ہونے کی درخواست ایئر پورٹ تھانے میں جمع کرائی گئی۔
درخواست عمران اسلم کے منیجر تصدق حسین کی جانب سے تھانے میں دی گئی، جس میں کہا گیا کہ ایوی ایشن کے شعبہ سے وابستہ عمران اسلم بدھ رات 10بجے سے لاپتہ ہیں، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ نامعلوم افراد عمران اسلم کو ساتھ لے گئے ہیں۔
ائیرپورٹ تھانے سے رابطہ کرنے پر ڈیوٹی پر موجود افسر نے دی پاکستان اُردو کو بتایا کہ عمران اسلم کی گمشدگی کی اطلاع ان کے منیجر تصدق حسین نے دی ہے کہ عمران اسلم بدھ کی رات سے لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ انہیں نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔