بدوک: کوسٹل ہائی وے پر واقع بدوک چیک پوسٹ پر پاکستان کوسٹ گارڈ کی جانب سے مسافروں کو طویل چیکنگ کے نام پر روکے جانے پر عوام نے شدید ردِ عمل دیا اور احتجاجاً شاہراہ کو بلاک کر دیا۔
ٹرانسپورٹروں کی حالیہ ہڑتال کے بعد پاکستان کوسٹ گارڈ اور انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ مالکان کے ساتھ مذاکرات کیے تھے، تاہم ہڑتال کے پہلے ہی روز بدوک چیک پوسٹ پر مسافروں کو ایک بار پھر غیر معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
عینی شاہدین کے مطابق کوسٹ گارڈ اہلکاروں نے طویل چیکنگ اور مبینہ طور پر ڈیزل بھتہ لینے کے نام پر مسافروں کو گھنٹوں روکے رکھا۔ مسافروں کی جانب سے اہلکاروں سے احتجاج کیا گیا مگر شنوائی نہ ہونے پر عوام نے مجبوراً کوسٹل ہائی وے کو بلاک کر دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ روز کا معمول بن چکا ہے، جس سے عام شہری، مریض، خواتین، بچے اور بزرگ شدید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ شدید گرمی میں لوگ راستے میں بے یار و مددگار پڑے رہے۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوسٹ گارڈ کی اس غیر قانونی اور غیر انسانی رویے کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔