اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

0
96

اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ  1940 ایک تاریخی موقع تھا جب برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے آپ کو ہندوتوا ذہنیت کے جبر اور غلامی کے شکنجوں سے آزاد کرنے کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا۔

آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نےہندوستان کے مسلمانوں کو متحد کیا اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد کی۔ اس جدوجہد کے نتیجہ میں 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر پاکستان معرض وجود میں آیا۔
اس دن کو مناتے ہوئے ہمیں قائداعظم محمد علی جناح  کی جانب سے  وضع کیے گئے ‘اتحاد، ایمان اور تنظیم’ کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

اس دن ہم بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر  کے معصوم لوگوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں جنہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے  بدترین ریاستی جبر کا سامنا ہے، ہم ان کی جرأت و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
 آئیے، آج ہم  پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز  پر قانون کی حکمرانی، میرٹ کی بالادستی، برابری اور رحمدلی پر مبنی انسان دوست، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ ﷲ تعالٰی ہمیں تمام آزمائشوں کے دوران ثابت قدم رہنے کی توفیق عطاء فرمائے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں