کے یو جے کے وفد کے جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے سربراہ رشید اے رضوی سے ملاقات، کمیشن کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق

0
36

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس کے ایک وفد نے پیر کو جرنلسٹس اینڈ ادر میڈیا پریکٹیشنرز پروٹیکشن کمیشن کے چیئرپرسن جسٹس ریٹائرڈ رشید اے رضوی سے ملاقات کی اور کمیشن کا اجلاس بلانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

کے یو جے کے وفد میں جنرل سیکریٹری اور کمیشن کے رکن فہیم صدیقی، نائب صدر جاوید قریشی، خازن لیاقت رانا اور جوائنٹ سیکریٹری یونس آفریدی شامل تھے۔

ملاقات میں کے یو جے کے وفد نے جسٹس ریٹائرڈ رشید اے رضوی کو کمیشن کا چیئرپرسن بننے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ کمیشن ان کی سربراہی میں صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے اپنی ذمے داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرے گا۔

کمیشن کے رکن اور کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے اس موقع پر کمیشن کے رولز چیئرپرسن کو فراہم کیے انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے مئی 2022 میں کمیشن کے رولز تیار کرکے اس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کمیشن کا پہلا اجلاس جلد از جلد بلایا جائے تاکہ صوبے میں صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے کام کا آغاز کیا جاسکے اس حوالے سے کمیشن کے رولز کا جائزہ لیا گیا جس کے مطابق اجلاس سے قبل کمیشن کا سیکریٹری، چیئرپرسن کے مشورے سے ایجنڈہ تیار کرکے تمام ارکان کو بھیجے گا۔

ملاقات میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ رولز کے مطابق فوری طور پر کمیشن کے سیکریٹری کے لیے گریڈ 19 کا ایک افسر تعینات کرے اور کمیشن کے سیکریٹریٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے تاکہ کمیشن اپنا کام شروع کرسکے ملاقات میں طے پایا کہ کمیشن کی آزاد اور غیرجانبدار حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے کمیشن کے پہلے اجلاس میں رولز کا جائزہ لیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں