دینی مدارس کے طلبہ قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، گورنر سندھ

0
50

کراچی: گورنر سندھ عمران اسمعیل نے کہا ہے کہ تعلیم کے میدان میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔ دینی مدارس کے طلبہ قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، طلبہ کو ہر شعبہ زندگی میں کردار ادا کرنے کے لیے مواقع فراہم کریں گے۔ پنجاب کی طرح سندھ کے تعلیمی اداروں میں قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دینے پر غور کر رہے ہیں۔ قرآن کا علم رکھنے والے معاشرے کے لیے اصلاح کا سبب بنیں گے۔ وزیر اعظم کے ”ریاست مدینہ“ کے تصور کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں سماجی بہبود کا نظام ریاست مدینہ کے ماڈل پر کھڑا ہے۔ علمائے کرام ریاست مدینہ کے تصور کے متعلق پائے جانے والے ابہام کا ازالہ کریں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعة الدراسات الاسلامیہ گلشن اقبال میں تکمیل بخاری و تقسیم اسناد کی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جامعة الدراسات الاسلامیہ کے مدیر و مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن مفتی محمد یوسف کشمیری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں رکن سندھ اسمبلی کریم بخش گبول، جامعة الدراسات الاسلامیہ کے اساتذہ، طلبہ اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر جامعة الدراسات الاسلامیہ کے 81 طلبہ میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے، جن میں درس نظامی کے 60 طلبہ اور حفظ قرآن مکمل کرنے والے 21 طلبہ شامل تھے۔

گورنر سندھ عمران اسمعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی نظام تین سطحوں میں تقسیم ہے۔ انگلش میڈیم اور اردو میڈیم اداروں میں واضح فرق نظر آتا ہے۔ مدارس کا تعلیمی نظام بھی مختلف ہے۔ اس تقسیم کی وجہ سے اردو میڈیم اور مدارس سے نکلنے والے طلبہ آگے بڑھنے کے لیے جگہ نہیں بنا پاتے۔ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت تعلیمی نظام میں یکسانیت چاہتی ہے۔ ہم مدارس انتظامیہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اسکول کے نصاب کو مدارس کے نصاب میں جگہ دی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وطن عزیز میں فروغ تعلیم کے لیے مدارس کا بہت بڑا کردار ہے۔ مدارس کے طلبہ کو افواج پاکستان سمیت تمام شعبہ زندگی میں کردار ادا کرنے کے مواقع ملنے چاہئیں۔ قرآن کا علم رکھنے والے معاشرے کی بہتر اصلاح کرسکتے ہیں۔ عمران اسمعیل نے کہا کہ مجھے مدارس میں آکر خوشی محسوس ہوتی ہے۔ میں فروغ تعلیم کے لیے دینی جامعات کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ ختم بخاری کی پرمسرت تقریب میں مدعو کرنے پر جامعة الدراسات الاسلامیہ کے مدیر، اساتذہ اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

جامعة الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی محمد یوسف کشمیری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کی جانب سے مدارس کے طلبہ کی حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مدارس کے طلبہ کو ہر شعبہ زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا لائق تحسین اقدام ہے۔ دینی مدارس فروغ تعلیم کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔ علمائے کرام منبر و محراب کا حق ادا کرتے ہوئے قوم کی درست سمت میں رہنمائی کریں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں