اسلام آباد: ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے کموڈور حبیب الرحمن کو رئیر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
رئیر ایڈمرل حبیب الرحمن نے 1990 میں پاک بحریہ کی میرین انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور وہ پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ رئیر ایڈمرل حبیب الرحمن نے فرانس اور برطانیہ سے مکینیکل انجینئرنگ اور سسٹم انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ کورس میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ بطور جنرل مینیجر میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس, ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکیارڈ اور کمانڈنٹ پی این ایس جوہر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر شپ مینٹیننس اینڈ ریپئیر اور اسسٹنٹ نیول سیکریٹری بھی تعینات رہے۔ اس وقت رئیر ایڈمرل حبیب الرحمن مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکیارڈ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔