کراچی: سابق گورنر بلوچستان میرغوث بخش بزنجو کے فرزند میر حاصل خان بزنجو 63 سال کی عمر میں آغاخان ہسپتال کراچی میں انتقال کرگئے وہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے ۔ میر حاصل خان بزنجو کا تعلق پاکستان کے صوبے بلوچستان ضلع خضدار تحصیل نال سے ہے۔
وہ سابق گورنر میر غوث بخش بزنجو کے بیٹے تھے ۔ وہ سنہ 1991 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بطور آزاد امیدوار شامل ہوئے۔ سنہ 1997 میں باقاعدہ طور پر بلوچستان نیشنل پارٹی کی ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ سنہ 1998 میں انھوں نے بلوچستان نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی میں شمولیت اختیار کی جو بلوچستان نیشنل پارٹی سے ہی نکلی ہوئی ایک جماعت تھی۔ تاہم 2003 میں نیشنل پارٹی بنی جس میں حاصل بزنجو نے بھی شمولیت اختیار کی۔
جمہوریت کے لیے اکثر آواز اٹھانے والے حاصل بزنجو نے 2008 کے عام انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا لیکن 2009 میں سینیٹ کے انتخاب میں نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔
حاصل بزنجو وفاق میں مسلم لیگ نواز کے حامی اور مضبوط اتحادی رہے ہیں۔ سنہ 2013 کے انتخابات میں ان کی جماعت نے مسلم لیگ نواز کے ساتھ اتحاد کیا۔ جبکہ 2014 میں نیشنل پارٹی کے صدر منتخب ہونے کے بعد حاصل بزنجو کو 2015 میں بندرگاہ اور شپنگ کی وزارت ملی تھی۔ وہ جمعرات کے روز کراچی کے آغا خان ہسپتال میں اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔