کراچی: صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کا فواد چودھری کے بیان پر ردعمل میں کہنا ہے کہ سلیکٹیڈ اینڈ کمپنی نے تین سالوں میں الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ سلیکٹیڈ وفاقی حکومت کے وزراء اپنے اپنے محکموں کا کچھ کام تو نہیں کرتے۔ البتہ روزانہ کی بنیاد پر سندھ پر حملہ آور ضرور ہوتے ہیں اور وزراء سے باری باری آکر روزانہ کے بنیاد پر جھوٹ بلوایا جا رہا ہے۔ سندھ سے جو تیل گیس نکلتا ہے اعلی سطح کا تحقیقاتی کمیشن بناکر مالی تخمینہ لگایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چودھری ذہن نشین کرلیں اعلی تحقیقاتی کمیشن سے گیس اور تیل کی مد میں وفاق سندھ کا مقروض نکلے گا۔ سندھ کے قدرتی وسائل کا مالی تخمینہ لگا کر سندہ کو اس کا جائز حق دیا جائے۔ وفاق نے سندھ کو گیس اور تیل کے بدلے گیس اور بجلی لوڈشیڈنگ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ 18 ویں ترمیم پر عمل ہو صوبوں کو اپنے حقوق ملیں ایسا یہ لوگ نہیں چاہتے۔ گھوٹکی میں جو بھی گیس تیل کی کمپنیاں ہیں ان میں مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے دروازے بند ہیں اور پی ٹی آئی حکومت تباہی کے سواء کچھ نہیں لائی۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں ریکارڈ منصوبے دئیے جو ریکارڈ کا حصہ ہیں اور موجودہ حکومت نے عام آدمی سے آٹا چینی لینے کی سقط چھین لی۔ آٹا، چینی، پیٹرول پر پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ اس حکومت نے ڈالا ہے۔ مافیائوں کی حکومت کا اختتام نہیں ہوا تو ملک میں مزید تباہی آئے گی۔