ریاض (شین نون) سعودی عرب نے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی ادارے (یو این ڈی پی) کے ساتھ ایک مشترکہ منصوبے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد شام میں متاثرہ روٹی کے تنوروں کی بحالی ہے۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 50 لاکھ ڈالر ہے اور اس پر دستخط برسلز میں منعقدہ یورپی انسانی فورم 2025ء کے موقع پر کیے گئے، منصوبے پر دستخط سعودی عرب کی جانب سے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس کے ترقیاتی ادارے کے ڈائریکٹر آکیم اشٹائنر نے کیے۔
منصوبے کے تحت دمشق کے مضافات، اللاذقیہ، درعا، دیر الزور، حمص، السویداء، حماہ اور حلب کے صوبوں میں واقع 33 متاثرہ سرکاری تنوروں کی مرمت کی جائے گی۔ اس میں بنیادی مرمتی کام، نئی پیداواری لائنوں کی فراہمی، پرانی لائنوں کی مرمت، اور دو متحرک یونٹوں کی بحالی شامل ہے جو متحرک تنوروں کے طور پر کام کریں گے، منصوبے سے روزگار کے 500 نئے مواقع پیدا ہوں گے جن سے مقامی معیشت کو سہارا ملے گا۔