کراچی یونین آف جرنلسٹس نے تمام میڈیا ہاوسز کے مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ماہ اپریل کی تنخواہ عید سے قبل ادا کریں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر مئی کی ابتدائی تاریخوں میں پڑ رہی ہے اور ایسے میں اس بات کی ضرورت ہے کہ میڈیا ورکرز کو تنخواہیں قبل از وقت ادا کی جائیں تاکہ وہ عید کی شاپنگ کرسکیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا ہاوسز خاص طور پر نیوز چینلز ان دنوں تاریخ کا بہترین بزنس کررہے ہیں اور حکومت کی تبدیلی کے بعد ان کے سر پر لٹکتی پی ایم ڈی اے اور پیکا کی تلوار بھی ہٹ چکی ہے۔ ان حالات میں میڈیا مالکان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ناصرف ملازمین کو ماہ اپریل کی تنخواہ عید سے قبل ادا کریں بلکہ اپنے منافع میں سے انہیں بونس بھی دیں۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں میڈیا مالکان کو ہدایات جاری کریں تاکہ میڈیا ورکرز کی عید کی خوشیاں دوبالا ہوسکیں۔