مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزراء کی آزاد کشمیر کے انتخابات میں براہ راست مداخلت کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء کی تلخ زبان وجہ سے آزاد کشمیر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ وزیر امور کشمیر پیسے دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اور چیف سیکرٹری کوارڈینیشن کے لئے رکھا گیا ہے چیف ایگزیکٹو میں ہوں۔ عوام پر فائرنگ کرنے والے وزیر امور کشمیر کے گارڈز کے خلاف مقدمہ درج کیوں نہیں کیا گیا۔ میں دوستوں کے ساتھ مشورہ کر رہا ہوں اسلام آباد دھرنا دینگے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ عمران خان عالمی ایجنڈے کے تحت لائن آف کنٹرول کو مستقل سرحد بنانا چاہتا ہے۔ پاکستان کے عوام کے سامنے اپنا مقدمہ رکھنا چاہتا ہوں اور یہ وزیراعظم ہے جو آئین کو پامال کرتا ہے۔ پی ٹی آئی نے لوگوں کو لڑانے کی کوشش کی، سیاست کو پراگندہ کر دیا ہے اور عمران خان پاکستان کو بنانے میں آپ کا کوئی کردار نہیں۔ بھٹو کو غدار کہنے کا حق انھیں کس نے دیا؟۔ پیسے دیکر لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آپ ہمیں غلام سمجھتے ہیں؟۔اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم غلامی کی زندگی نہیں گزارنا چاہتے یا ہمیں برابری کا حق چاہیئے اور تقسیم کشمیر اور آزاد کشمیر کو صوبہ نہیں بننے دینگے۔