کراچی: وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات پر اور ڈی ایس ریلوے کراچی محمد ناصر خلیلی کی نگرانی میں اہم کارروائی کے دوران پاکستان ریلوے کی قیمتی اراضی کو جمعہ گوٹھ ریلوے اسٹیشن کے قریب تجاوزات سے مکمل طور پر واگزار کرا لیا گیا۔
کلو میٹر نمبر 36 تا 38 (اپ سائیڈ) پر عرصہ دراز سے غیر قانونی جھگیاں اور نیم مستقل ڈھانچے قائم تھے۔ اگرچہ زیرِ سماعت عدالتی کیس کسی اور اراضی سے متعلق تھا، مگر اس کی آڑ میں بعض افراد نے اس جگہ پر غیر قانونی قبضہ جما رکھا تھا۔ آج کی کارروائی میں ان تمام جھگیوں اور تجاوزات کو ختم کر دیا گیا۔
اس کارروائی کی نگرانی، اسٹیٹ انسپکٹر، اور ایس ایچ او ریلوے پولیس اسٹیشن لانڈھی نے کی، جب کہ ورک مستری اور ریلوے پولیس کے دستے نے تعاون فراہم کیا۔
ڈی ایس کراچی محمد ناصر خلیلی نے اس موقع پر کہا کہ یہ کارروائیاں وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کی ہدایات کے مطابق جاری ہیں اور جب تک تمام ریلوے اراضی واگزار نہیں ہو جاتی، یہ سلسلہ رکے گا نہیں۔ عدالتی کیس کسی اور زمین سے متعلق تھا، مگر اس کے پیچھے چھپ کر یہاں قبضہ جمایا گیا، جو ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ادارے کی زمینوں کو ہر قیمت پر محفوظ بنانے اور قومی اثاثے کو غیر قانونی عناصر سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔