کراچی (رپورٹ: ایم جے کے) میئر کراچی مرتضی وہاب نے مویشی دوست منڈی کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ میئر کراچی مرتضی وہاب کے ہمراہ ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد، ٹاون چیئرمین بھی میئر کراچی کے ہمراہ موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ آج لگتا ہے گرمی زیادہ ہے ہنستے رہیں مسائل حل ہوجائیں گے، منڈی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں کہ یہاں مدعو کیا، ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں لاکھوں جانور آتے ہیں، کراچی والے ہزاروں کی تعداد میں نادرن بائی پاس سے جانور خریدتے ہیں۔ ہماری دعا ہے اللہ قربانی قبول فرمائے اور بیوپاریوں کے روزگار میں برکت دے، ایک ایسا معاشرہ قائم کرنا ہے جہاں ایک دوسرے کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ سیکورٹی کے مسائل حل کریں گے صفائی کا بھی خیال رکھیں گے، خریداروں اور بیوپاریوں کا خیال رکھیں گے، منڈی کے سبب کراچی میں رونق آتی ہے، میئر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، پاکستان بھر کے بیوپاری کراچی کی منڈی کا رخ کرتے ہیں تاکہ اچھا منافع کما سکیں، منڈی انتظامیہ کو شاندار انتظامات پر مبارکباد دیتا ہوں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ آخری دنوں میں ٹریفک کے مسائل ہوتے ہیں انتظامیہ ہر سہولت فراہم کرے گی، کراچی والے سخی ہیں امید ہے بڑے پیمانے پر تجارت ہوگی، میئر کراچی نے ایک سوال پر کہا کہ تبدیلی کا لفظ خراب ہوگیا ہے یہ بہتری کا سال ہے، بلاول بھٹو کے نمائندوں نے بہتری کا سفر شروع کیا ہے اور یہ سفر جاری رہے گا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ گلی، محلوں میں منڈیاں نہیں لگنے دیں گے، شہر میں کچھ منڈیاں لگیں گی اور اس سے ٹیکس بھی جمع کریں گے، مرتضی وہاب نے قربانی کے پسند کے جانور بھی بتادیا اور کہا کہ ہم گائے اور بکرے کی قربانی کرتے جو اسی مویشی دوست منڈی سے خریدوں گا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر شہاب علی نے میئر کراچی، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، منگو پیر ٹائون کے چیئرمین حاجی نواز بروہی اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان مویشی منڈی ام ایمن نے کہا کہ میں خصوصا میڈیا کے دستوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو عید الضحی تک اس مویشی دوست منڈی کو چار چاند لگانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ آخر میں مویشی دوست منڈی نادرن بائی پاس کراچی میں آتش بازی بھی بھرپور انداز میں کی گئی۔