کراچی: کراچی میں دن دیہاڑے بچوں کے سامنے قبضہ مافیا کے خلاف احتجاج کرنے والے شخص کو جوہر چورنگی کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
گلستان جوہر کے علاقے جوہر چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کی گئی، جہاں مقتول کی شناخت اظہر اقبال ولد شریف کے نام سے کی گئی۔
اظہر اقبال علاقے میں قائم ایک سوسائٹی پر قبضے کے خلاف موثر آواز تھے، انھوں ںے دیگر اہل علاقہ کے ساتھ احتجاج کیا تھا جب کہ قبضے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی، اس سلسلے میں انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس بھی کی تھی۔
مقتول اظہر اقبال نےچند روز قبل ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا تھا اور خود کو دھمکیاں دینے والے ایک بلڈر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انھیں کچھ ہوجائے تو مقدمہ مذکورہ بلڈر کے خلاف درج کیا جائے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر قتل کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا ہے کہ قتل ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ ہے یا ذاتی رنجش کی وجہ سے قتل ہوا ہے، ہم نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جس کے بعد ہی اصل صورت حال سامنے آسکے گی۔