کراچی: واٹس ایپ نے ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 9 (iOS9) کے لیے اپنی سپورٹ بند کر دی ہے اور اب صرف آئی فون 5 یا اس کے بعد ریلیز ہونے والے ایپل اسمارٹ فونز پر ہی واٹس ایپ چل سکے گا۔
واٹس ایپ کے حال ہی میں شائع ہونے والے سپورٹ ڈاکومنٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ نے آئی او ایس 9 کے لیے اپنی سپورٹ ختم کر دی ہے اور اب صرف 2016 میں ریلیز ہونے والے آئی او ایس 10 پر چلنے والے فونز پر ہی واٹس ایپ چلےگا۔
یاد رہے کہ اب تک آئی او ایس 9 والے آئی فونز پر بھی واٹس ایپ استعمال کیا جا سکتا تھا لیکن اب سپورٹ ختم ہونے کا مطلب ہے کہ آئی فون 4s رکھنے والے صارفین کو واٹس ایپ دستیاب نہیں ہو گا۔ یا اگر آپ آئی فون 5 یا اس کے بعد کا کوئی ماڈل رکھتے ہیں اور اس پر ابھی تک آئی او ایس 9 انسٹال ہے تو فوراً اپ گریڈ کر لیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے یہ پہلی مرتبہ نہیں کیا جا رہا ہے، گزشتہ سال واٹس ایپ نے آئی او ایس 8 پر چلنے والی ڈیوائسز کے لیے بھی سروس بند کردی تھی۔ اس لیے اگر آپ بھی آئی فون 4s استعمال کرتے ہیں تو فوراً اپنی چیٹ کا بیک اپ بنا لیں تاکہ آپ اسے کسی دوسرے فون میں منتقل کر سکیں۔