لاہور: گورنر ہائوس لاہور میں ایگریکلچر کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گورنر چوہدری محمدسرور، وفاقی وزیر خوراک، چیئرمین سی پیک اتھارٹی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے جد ید ٹیکنالوجی کو استعمال کر نے کیلئے سفارشات تیار کی اور چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کمیٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروادی۔ کمیٹی نے کپاس کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کر لیا اور جنوبی پنجاب میں کپاس کی کاشت کے فروغ کیلئے باقاعدہ آگا ہی مہم چلانے کا اعلان کیا۔
گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کا اجلاس میں کہنا تھا کہ سبسڈی کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر منصوبہ شروع کر ے گی۔ کپاس کے نئے بیچ کی تیاری کیلئے چین اور دیگر ممالک سے مدد لی جائے گی۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ محکمے کپاس کے کاشتکاروں کیساتھ کھڑے ہیں۔
چیئر مین سی پیک اتھارٹی نے اجلاس میں بتایا کہ چائنہ سے زرعی ریسرچ میں معاونت کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ چین نے پاکستان کیلئے خصوصی طور پر ایگری کلچر اتاشی کی تقرری کردی ہے۔ سی پیک منصوبے کے تحت ایگری کلچر کے شعبے میں بھی بھر پور کام کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر خوراک فخر امام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کپاس کاشت کر نیوالوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کا منصوبے شروع کیا جارہا ہے۔ کپاس کی پیداوار اچھی ہو گی تو ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کرے گی۔