کراچی: شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور صدر انجمن اساتذہ ڈاکٹر محسن علی نے آفاق صدیقی کے گھر جا کر ان سے اظہار یکجہتی کیا جبکہ ڈاکٹر آفاق کی سیکٹر کمانڈر رینجرز سے ملاقات ہوئی، جس میں سیکٹر کمانڈر رینجرز نے ڈاکٹر آفاق کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے اہلکار کو اسی وقت معطل کرکے ملزم کے خلاف ادارہ جاتی کاروائی کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
ڈاکٹر آفاق کے مطابق رینجرز کے اعلی عہدیداران نے بھی ڈاکٹر آفاق صدیقی سے صدر انجمن کے دفتر میں سیکرٹری ڈاکٹر معروف بن روف اور ڈاکٹر ندا علی کی موجودگی میں ایک تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور ڈاکٹر آفاق سے معذرت بھی کی اور انہیں یقین دلایا کہ ملوث اہلکار کے خلاف فی الفور سخت کاروائی کی جائے گی۔
ڈاکٹر آفاق نے تمام کاروائی پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا، اجلاس میں تمام شرکاء نے شیخ الجامعہ، سیکٹر کمانڈر اور دیگر اعلی عہدیداران کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور اپنے مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔