کراچی: ایئر لائن آپریٹرز کمیٹی نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کافی عرصے سے بزنس کلاس کے پیسنجروں کے لئے سی آئی پی لاؤنج اور عام مسافروں کے لیے ریسٹورنٹ کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی سے تنازعے پر مذکورہ دونوں جگہیں سربمہر کر دی تھیں۔ مذکورہ معاملہ کافی عرصے سے عدالت میں زیر التوا ہے۔ اے او سی کا کہنا تھا کہ مذکورہ بندش سے مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ لہذا جب تک پرانے ٹھیکیدار سے مسئلے کا تصفیہ نہیں ہوتا پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی متبادل انتظامات کرے۔
اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ادارہ اس سلسلے میں فی الحال کوئی نیا ٹینڈر جاری نہیں کر سکتا اور عدالت کے فیصلے کا انتظار ہے اور سماعت کی اگلی تاریخ 23 جون مقرر ہے۔