چارسدہ: عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی صدر اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف و بانی صدر اے این پی خان عبدالولی خان کی اہلیہ، سابق صوبائی صدر اے این پی بیگم نسیم ولی خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
مرحومہ کو ولی باغ چارسدہ میں خان عبدالولی خان اور سنگین ولی خان کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ مولانا محسن الدین صاحب حق نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی، سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین، مرکزی ترجمان زاہد خان، مرکزی سیکرٹری مالیات سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان، اے این پی بلوچستان کے سینئر نائب صدر سینیٹر ارباب عمر فاروق کاسی، صدر اے این پی خیبرپختونخوا ایمل ولی خان، صدر اے این پی سندھ شاہی سید، جنرل سیکرٹری اے این پی خیبر پختونخوا سردارحسین بابک، جنرل سیکرٹری اے این پی پنجاب امیر بہادر خان ہوتی، سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور، لونگین ولی خان، مسلم لیگ ن خیبر پختونحوا کے صدر امیر مقام، سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ، سابق رکن قومی اسمبلی لعل محمد خان، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز سمیت مختلف طبقہ فکر کے لوگوں، پارٹی کارکنان اور عام عوام کے ساتھ ساتھ افغان قونصلیٹ اور جے یو آئی ف کے وفود نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
دریں اثنا قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ، صوبائی چیئرمین سکندر حیات شیرپاؤ، رکن قومی اسمبلی فضل محمد خان، صوبائی وزیر قانون فضل شکور خان، سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی، سابق ڈی آئی جی محمد علی باباخیل سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور وفود فاتحہ خوانی کے لئے ولی باغ چار سدہ تشریف لائے اور مرحومہ کی وفات پر اے این پی کے قائدین سے تعزیت کی۔
بیگم نسیم ولی خان عرصہ دراز سے شوگر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھیں اور اتوار کی صبح 08 بجے کے قریب اپنے خالق حقیقی سے جاں ملی تھیں۔