اسلام آباد: تعلیمی اداروں میں سرما کی چھٹیاں 25 دسمبر سے 4 جنوری تک کرنے کی تجویز پر وفاق اور صوبے متفق ہوگئے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ محکمہ تعلیم کے وفاقی اور صوبائی سیکریٹریز کی آج ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ موسم سرما کی چھٹیاں 25 دسمبر سے 5 جنوری تک کی تجویز پر اتفاق ہوا ہے تاہم چھٹیوں کا نوٹیفکیشن صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبر سے یکم جنوری تک کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں تعلیمی ادارے اسکول و کالجز 20 دسمبر سے یکم جنوری تک بند رہیں گے اور 3 جنوری کو تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی۔