کراچی: سخت سردی میں پانچ روز سے جاری اسٹیل ملز کے جبری برطرف ملازمین کا احتجاجی دھرنا سی ای او کی رہائش گاہ پر تاحال جاری ہے جس میں خواتین و بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔
اسٹیل ملز کے جبری برطرف ملازمین کے احتجاجی دھرنے سے اسٹیل ملز کو لاکھوں روپے کا تیل اور ڈیزل کی مد میں فائدہ ہوا ہے۔ انتظامیہ اسٹیل ملز افسران کی گاڑیاں تاحال سی ای کی رہائش گاہ کے باہر کھڑی ہیں جو وہ پانچ دن پہلے چھوڑ کر بھاگے تھے۔ احتجاج کے پہلے دن سی ای او کی رہائش گاہ پر انتظامیہ اسٹیل ملز کا اہم اجلاس جاری تھا کہ اسٹیل ملز کے جبری برطرف ملازمین کے اہل خانہ نے بچوں سمیت احتجاج شروع کردیا اور سی ای او کی رہائش گاہ سے نکلنے والے انتظامیہ کے افسران پر ہلا بول دیا جس کی وجہ سے وہ گاڑیاں چھوڑ کر واپس رہائش گاہ کے اندر بھاگ گئے۔
انتظامیہ اسٹیل ملز کے افسران پاس مہنگی شاہانہ گاڑیاں زیر استعمال ہیں جس میں ریو، کورولا، انڈس، کلٹس، سیوک اور ہائی روف شامل ہیں۔ ان گاڑیوں کے تیل اور ڈیزل کا خرچہ تقریبا لاکھوں روپے میں ہے جو اسٹیل ملز دیتی ہے۔