لاہور: یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر سماجی تنظیم زُلالِ خضر فاؤنڈیشن نے ماحول دوست اقدام کے تحت شجرکاری مہم کا اہتمام کیا۔ تقریب یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحول شیخوپورہ کے تعاون سے 500 سے زائد مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے۔
شجرکاری مہم میں پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور، علی عمران، ڈپٹی ڈائریکٹر شیخوپورہ، اور زُلالِ خضر فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم سمیت اساتذہ، طلبہ، اور ماحولیاتی ماہرین نے شرکت کی۔ شرکاء نے کیمپس کے مختلف حصوں میں سایہ دار، پھل دار اور پھولدار پودے لگائے، تاکہ نہ صرف ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی کردار ادا ہو۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف آنے والی نسلوں کے لیے سرمایہ ہے بلکہ یہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک اہم فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے زُلالِ خضر فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں معاشرے میں مثبت تبدیلی کا سبب بنتی ہیں۔