دوشنبے: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ای سے ملاقات ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے دوشنبے، تاجکستان میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات، سی پیک، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور اور افغانستان میں تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان تنازعہ کا سیاسی حل ناگزیر ہے اور فغان تنازعہ کے مذاکرات کے ذریعے سیاسی تصفیہ کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے لئے تمام افغان فریقین مل کر کام کریں۔ پاکستان پرامن ومستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور بتایا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے تنازعہ جموں وکشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ کا تمام سطحوں پر قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔