کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر و جنرل سیکریٹری، مختلف اخبارات کے سابق مدیر شبر اعظمی انتقال کرگئے۔ اناللہ وانا الیہ راجعون، مرحوم کافی عرصے سے صاحب فراش تھے اور چند روز قبل انہیں طبیعت خراب ہونے پر کراچی کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز مغربین امام بارگاہ انچولی میں ادا کی جائے گی۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام ارکان کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ شبر اعظمی ایک عہد ساز شخصیت تھے جو آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے تھے انہوں نے ملک میں آمریت کے خلاف پی ایف یو جے کی جاری جدوجہد میں منہاج برنا کے ساتھ مل کر ایک طویل جدوجہد کی ہے جس کے دوران وہ جیل بھی گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات میں جہاں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کو بہت زیادہ خطرات لاحق ہیں شبر اعظمی جیسے شخص کا دنیا سے چلے جانا اس جاری جدوجہد کے لیے بھی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ شبر اعظمی طویل عرصے سے بیمار تھے لیکن ان کی موجودگی کا احساس ہی پی ایف یو جے اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جاری تحاریک کے لیے کافی تھا انہوں نے پی ایف یو جے کی 70 سالہ جدوجہد پر مبنی کتاب کے لیے اپنا کالم بھی لکھا تھا کراچی یونین آف جرنلسٹس نے شبر اعظمی کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی ہے۔