کراچی: سندھ میں پاکستان کی پہلی خواتین امن کمیٹی (Women Peace Council) قائم کردی گئی ہے۔ خواتین امن کمیٹی سماجی تنظیم کے تعاون سے قائم کی گئی ہے۔
خواتین امن کمیٹی کے قیام سے متعلق ایک سادہ و پر وقار تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری، ارکان صوبائی اسمبلی پی پی پی غزالہ سیال، پی ٹی آئی سدرہ عمران، ادیبہ حسن، ایم کیو ایم راناانصار، منگلا شرما، جی ڈی اے نصرت سحرعباسی، چیئرپرسن سندھ کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن نذہت شیریں، ایس ایس پی شہلا قریشی، سابق بیوروکریٹ و دیگر نے شرکت کی۔
امن کمیٹی میں خواتین اراکین صوبائی اسمبلی سندھ، اداکار، خاتون سماجی کارکن، وکلا، صحافی، پولیس افسر، ڈاکٹر، خواتین کھلاڑی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی باہمت خواتین شامل ہیں۔
خواتین امن کمیٹی کا سربراہ ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی ریحانہ لغاری کو منتخب کیا گیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اس بار بھی خواتین کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں دیگرصوبوں سے آگے نکل گیا اور ملک کی پہلی خواتین امن کمیٹی سندھ میں قائم کردی جبکہ دیگرصوبوں میں ابھی یہ قائم ہونا باقی ہے۔ خواتین آگے بڑھیں گی تو ملک آگے بڑھے کا، ملک کی معیشت میں خواتین غیر معمولی کردارادا کرتی ہیں لیکن ان کی حوصلہ افزائی نہیں کہ جاتی اور نہ ہی انہیں اس کا صلہ دیا جاتا ہے۔