کراچی (رپورٹ: ایم جے کے) میئر کراچی کے پارکنگ کے حوالے سے احکامات مافیا نے ہوا میں اُڑا دیے، انڈس ہسپتال کورنگی میں غیرقانونی پارکنگ مافیا سرگرم ہوگیا، موٹر سائیکل 30 اور کار کے 100 روپے لیے جانے لگے، انڈس ہسپتال پارکنگ کا ٹھیکہ کے ایم سی سے لاکھوں روپے میں لیا ہے، پارکنگ مافیا کا انکشاف۔
انڈس ہسپتال پلاٹ سی-76 سیکٹر 31/5 کورنگی کراسنگ دارالسلام سوسائٹی سیکٹر 39 کورنگی میں غیرقانونی پارکنگ مافیا ایک بار پھر بھرپور طریقے سے سرگرم ہوگیا جبکہ کچھ عرصہ قبل کراچی میں غیرقانونی پارکنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کراچی کے اندر تمام پارکنگ ختم کرادی تھیں لیکن اس کے باوجود انڈس ہسپتال کے باہر پارکنگ مافیا سرگرم ہے، جو موٹر سائیکل پارکنگ کے 30 روپے اور کار پارکنگ کے 100 روپے ہسپتال میں آنے والے افراد سے وصول کر رہے ہیں۔ پیسے نہ دینے کی صورت میں پارکنگ مافیا لوگوں سے بدمعاشی بھی کرتے ہیں۔
انڈس ہسپتال کے باہر اس غیر قانونی پارکنگ کے حوالے سے وہاں کھڑے پارکنگ مافیا کے لوگوں سے اس پارکنگ کے حوالے سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کراچی کا پے آرڈر بنا کر سندھ بینک میں 30 ہزار کا مارچ میں جمع کرایا ہے اور باقی کے ایم سی ادارے کو پارکنگ کے ٹھیکے کی مد میں رشوت کے طور پر لاکھوں روپے رقم الگ دی ہے، اس لیے نہ ہمارا تھا نہ کچھ بگاڑ سکتا ہے اور نہ ہی میئر کراچی۔ ہمارے پاس ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کا لیٹر موجود ہے اور بینک پے آرڈر موجود ہے۔
انڈس ہسپتال میں آنے والی عوام کا کہنا ہے کہ میئر کراچی، کمشنر کراچی انڈس ہسپتال کے باہر سے غیر قانونی پارکنگ کو ختم کروائیں اور وہاں پر موجود پارکنگ مافیا افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کریں۔