اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے چیف الیکشن کمشنر کو اپوزیشن کا ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سیاست کرنی ہے تو عہدہ چھوڑ دیں اور الیکشن لڑیں۔ انہوں ںے کہا کہ لگتا ہے الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹربن گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزیر اعظم سواتی اور مشیر بابر اعوان کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شاہد خاقان عباسی اینڈ کمپنی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق قانونی ترمیم متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن پرلوگوں کواعتماد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں عوام نےعمران خان پراعتماد کا اظہارکیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشورمیں الیکشن شفاف بنانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی واحد حکومت ہے جس نے شفاف الیکشن کے لیے تجاویز دیں۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کوالیکشن اصلاحات پردعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں اپوزیشن ہار جاتی ہے وہاں دھاندلی کا الزام لگاتی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف الیکشن کمشنر نوازشریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی اصلاحات کی بات ہو تی ہے وہاں اپوزیشن ڈیل کی طرف چلی جاتی ہے۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپوزیشن پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ چھوٹے لوگ ہیں، ان کی چھوٹی سوچ ہے اور ان کے چھوٹے مقاصد ہیں۔ ان کا واضح طور پر کہنا تھا کہ ہمیں چیف الیکشن کمنشر پر اعتماد نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے کہیں گے کہ چھوٹی جماعتوں کے آلہ کار نہ بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سے کہیں گے کہ ادارے کے سربراہ کے طور پر آگے آئیں۔