مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ مستقبل کی ٹیکنالوجی سے نابلد ہے، مخدوم خسرو بختیار

0
59

اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار کا مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی اور نئی آٹو پالیسی پر تنقید سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ مستقبل کی ٹیکنالوجی سے نابلد ہے۔ انہیں کوئی احساس نہیں کہ دنیا کدھر جا رہی ہے، الیکٹرک گاڑیاں، موٹر وہیکل ٹیکنالوجی کا مستقبل ہیں۔ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کی پہلی ترجیح ہے، نچلے طبقے کو اوپر لانا ان کا پختہ عزم ہے۔ آٹو پالیسی میں عام آدمی بالخصوص وہ نوجوان جنہوں نے پہلی بار گاڑی خریدنی ہے، ہم نے انہیں سہولت دی ہے جس پر تنقید بلا جواز ہے۔

مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ن لیگ ہر اس فلاحی کام پر تنقید کرتی جس کا فائدہ عوام کو براہ راست پہنچے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور فضائی آلودگی کے پیش نظر کئی ممالک الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حمایت کر رہے ہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن لیڈر نے عوام کو گمراہ کرنے کے لئے اعداد و شمار کی غلط تشریح کی۔

انہوں نے کہا کہ یکم جولائی کو کنزیومر پرائس انڈیکس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قومی سطح پر سالانہ افراط زر 8.9 فیصد پر ہے جو ایک سال پہلے 10.74 فیصد تھا۔ شہری اور دیہی افراط زر 8.15 فیصد اور 10.05 فیصد پر ہے جو ایک سال قبل بالترتیب 10.17 فیصد اور 11.63 فیصد پر تھا جس سے واضح ہوتا ہے کہ افراط زر میں کمی آرہی ہے۔ قیمتوں کے حساس اشاریئے (ایس پی آئی) پر نظر ڈالی جائے تو افراط زر تیزی سے نیچے آ رہا ہے۔ گزشتہ دو ماہ کیلئے ہفتہ وار افراط زر 20 مئی کو 17.23 فیصد کی بلند سطح سے 8 جولائی 2021ءکو 12.28 فیصد ہو گیا جو ایس پی آئی میں ایک نمایاں کمی ہے۔

انہوں نے مذید کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا دعویٰ کہ اشیائے ضروریہ کا پرائس انڈیکس 15.37 فیصد پر ریکارڈ کیا گیا، من گھڑت ہے، ایسا کوئی انڈیکس نہیں ہے جس میں سب سے کم آمدن والے گروپ کے لئے قیمتوں میں 20 فیصد اضافہ ظاہر کیا گیا ہو جیسے کہ لیڈر آف اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے۔ موجودہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو پاکستان معاشی بحران کا شکار تھا، ن لیگ نے بے پناہ قرضے لئے جس کا خمیازہ قوم بھگت رہی تھی۔ ملک کو درپیش تمام معاشی مسائل اس کمزور معیشت کا براہ راست نتیجہ ہیں جو 2008ءسے 2018ءتک پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کی مشترکہ بد انتظامی کے بعد پی ٹی آئی کو ورثہ میں ملی۔ ہم نے تین سالوں میں معاشی سمت درست کی، کورونا وباءکے محاذ پر بھی کامیابی سے مقابلہ کیا، صنعتوں اور زراعت کو بحال کیا اور آج انہی اقدامات کی بدولت عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہو چکا ہے۔ شہباز شریف صاحب وزیراعظم عمران خان کی معاشی و سیاسی حکمت عملی کے باعث کلین بولڈ ہو چکے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں