میری تضحیک و مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے، اہلیہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

0
132

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جمع کروائے گئے جواب کے بعد میڈیا میں سامنے آنی والی رپورٹس اور خود کو ہراساں کیے جانے سے متعلق بیان جاری کردیا۔ سرینا عیسیٰ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مجھے مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے اور میری تضحیک کی جارہی ہے جبکہ میں جھوٹے پروپیگنڈے کا سامنا بھی کررہی ہوں۔ سرینا عیسیٰ نے بتایا کہ یہ کہا گیا کہ میں نے 25 جون کو ایف بی آر کا نوٹس موصول نہیں کیا حالانکہ اسی روز میرے والد کا انتقال ہوا۔ جس کے بعد اس جھوٹے بہانے کو میرے گھر کے گیٹ پر نوٹس چسپاں کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تاکہ میرے گھر کے اسٹاف اور پڑوس میں موجود ہر شخص کے سامنے میری تذلیل کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ میں 9 جولائی کو اپنا جواب جمع کروانے کے لیے ایف بی آر گئی، جب ایف بی آر کی عمارت کے اندر مجھے ریکارڈ کیا گیا، تاہم پھر یہ کہا گیا کہ چھڑی کے ساتھ تیزی سے چلتے ہوئے دیکھا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ میں دکھاوا کررہی ہوں۔ سرینا عیسیٰ نے لکھا کہ اب میں میری ٹوٹی ہوئی ٹانگ سے میرے کولہے تک موجود میٹل پلیٹ اسکریو کا ذاتی ایکس رے سامنے لارہی ہوں تاکہ اس پروپیگینڈے کی نفی کی جاسکے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا مجھے ان تنفر پر مبنی ہتھکنڈوں سے بہت زیادہ تکلیف ہوئی۔

 جسٹس عیسیٰ کی اہلیہ نے بیان میں یہ بھی کہا کہ میڈیا میں یہ چیزیں بھی رپورٹ ہوئیں جو بظاہر میرے جواب کے طور پر سامنے آئیں حالانکہ میں نے یہ نہیں کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے جواب کے مندرجات کو دبا دیا گیا جس کے باعث میرے پاس اپنے جواب کو جاری کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔ میں ایف بی آر کو دیے گئے 6 صفحات پر مشتمل اپنے جواب کو منسلک کر رہی ہوں، جو میرے خلاف شروع کیے گئے جھوٹے پروپیگنڈے کو روکنے کے لیے کافی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں