کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت بورڈز امتحانات کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکریٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو ، سیکرٹری کالج ایجوکیشن خالد حیدر شاہ ، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر فوزیہ، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی سعید احمد، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ حیدرآباد محمد میمن ودیگر شریکِ تھے۔
اجلاس میں سندھ میں نویں تا انٹر تک کے امتحانات کے انعقعاد، امتحانات میں شفافیت، نظام امتحانات میں اصلاحات، آئندہ بورڈ امتحانات کے اوقات اور طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی مشاورت کی گئی کہ نویں سے بارہویں تک کے امتحانات کے لئے امتحانی مراکز میں اضافہ، پریکٹیکل امتحانات سمیت دیگر کا جائزہ لیا گیا۔
سعید غنی نے اجلاس میں کہا کہ جلد ہی اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی اسٹئیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ان تمام تجاویز کو رکھا جائے گا۔ تمام اسٹیک ہولڈر کی مشاورت سے سندھ میں تعلیمی اداروں کو پہلی سے آٹھویں تک کھولنے، نویں اور دسویں کے امتحانات کے انعقاد سمیت دیگر کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں تعلیم کے حوالے سے تمام فیصلے اسٹیک ہولڈر کی مشاورت کے بعد ہوں۔