کراچی: جنگ کے سینئر رپورٹر سید محمد عسکری کو رات گئے تقریب سے واپسی پر قیوم آباد انٹرچینج کے قریب سے اغواء کر لیا جس کی بعد میں پولیس نے گرفتاری کی تصدیق کردی۔
سادہ لباس اور وردی میں ملبوس نامعلوم نقاب پوش اہلکار کو رنگی روڈ قیوم آباد انٹرچینج کے قریب سے بغیر وجہ بتائے روز نامہ جنگ کے سنیئر رپورٹر سید محمد عسکری کو اپنے ساتھ لے گئے، محمد عسکری نے اہلکاروں کو اپنا تعارف کراتے ہوئے بتا یا کہ میں جنگ کا رپورٹر ہوں ،لیکن انھوں نے ایک نہ سنی اور زدوکوب کرتے ہوئے گاڑی سے اتارا اور موبائل میں ڈال کر اپنے ساتھ لے گئے، جب ان کے دوست نے مذکورہ واقعے کی اطلاع مددگا 15 کو دی تو فون ریسیو کر نے والے اہلکار نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ تھانے سے رجوع کریں۔ پولیس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کر رہی تھی تاہم آج گرفتاری کی تصدیق کردی۔ اہل خانہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے فوری طور پر سید محمد عسکری کو بازیاب کرایا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شہر میں متعدد صحافیوں کیساتھ اغواہ کی وارداتیں ہو چکی ہیں۔دریں اثناء کراچی پریس کلب کے عہدیداروں، کراچی یونین آف جرنلٹس، ایجوکیشن جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر قاسم خان اور دیگر عہدیداروں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سید محمد عسکری کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔