شکار پور: پولیس نے کچے کے علاقے میں اہم کارروائی کرتے ہوئے معروف صحافی شہید جان محمد مہر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ڈاکو شیرو مہر کو جھڑپ کے دوران ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بچل بھیو تھانے کی حدود میں واقع کچے کے علاقے میں کی گئی، جہاں چند روز قبل ڈاکوؤں نے تھانے پر حملہ کیا تھا۔ اس کارروائی میں ڈرون کی مدد سے ڈاکوؤں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی اور فائرنگ کے تبادلے میں شیرو مہر مارا گیا۔ پولیس نے لاش جائے وقوعہ سے تحویل میں لینے کے لیے مزید ٹیمیں کچے کی طرف روانہ کر دی ہیں۔
پولیس حکام نے اعلان کیا ہے کہ باقی مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی آپریشن جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ جان محمد مہر کو 631 روز قبل سکھر کی لوکس پارک روڈ پر اس وقت قتل کر دیا گیا تھا، جب وہ اپنے آفس سے گھر کار پر جا رہے تھے، مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر کے انہیں بے دردی سے شہید کر دیا تھا جان محمد مہر پریس کلب سکھر کے سابق صدر اور کے ٹی این ٹی وی و کاوش اخبار کے بیورو چیف سکھر تھے جن کے قتل نے پورے ملک میں صحافی برادری اور سول سوسائٹی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا 631 دن بعد پولیس کو یہ بڑی کامیابی ملی ہے جس سے شہید صحافی کے اہلخانہ، دوستوں اور صحافی برادری میں جزوی اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔