اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اہم اجلاس ساجد حسین طوری کی زیر صدارت اسٹیل ملز ملازمین کی جبری برطرفیوں کے ایجنڈا پر ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، سیکرٹری صنعت و پیداوار، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عامر ممتاز اور سی ای او پاکستان اسٹیل ملز کی عدم شرکت۔
اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار کے بجائے
ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار جبکہ نااہل انتظامیہ اسٹیل نے ایک ‘چھوٹا’ غیر مجاز افسر ایکٹنگ ڈپٹی جنرل مینجر ریاض حسین منگی کو انتظامیہ کی نمائندگی کیلئے بھیج دیا جس پر کمیٹی ممبران نے وزیر و سیکریٹری اور چھوٹے افسر پر سوالات اٹھا دئیے۔
اجلاس کی کاروائی میں پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی جام عبدالکریم، آغا رفیع اللہ، تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اکرم چیمہ اور پاکستان اسٹیل اسٹیک ہولڈرز گروپ کے کنوینر ممریز خان نے ادارے کی بحالی اور ملازمین کی جبری برطرفیاں منسوخ کرنے پر زور دیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اکرم چیمہ نے ملازمین کی جبری برطرفیوں کی مخالفت کردی۔
اسٹیل ملز اسٹیک ہولڈر گروپ کے ممریز خان نے مل کی بحالی کیلئے مختلف تجاویز پر مشتمل خط بھی کمیٹی کے روبرو جمع کروا دیا جبکہ اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی کسی نمائندہ یونین یا آفیسرز ایسوسی ایشن نے ملازمین کی جبری برطرفیوں جیسے حالات میں بھی شرکت نہیں کی۔ اجلاس کے آخر میں مزید کاروائی کو آگے بڑھانے کیلئے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے۔