کراچی: قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل کا خسارہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ادارہ کی تیسری سہ ماہی یعنی 9 ماہ میں اس کا مجموعی خسارہ 67 ارب سے زائد کا رہا جبکہ گزشتہ برس کی اسی مدت میں یہ خسارہ 42 ارب تھا۔
جاری کردہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق رواں برس کے 9 ماہ میں خسارہ 67 ارب 39 کروڑ 5 لاکھ 7 ہزار روپیے ہوا جبکہ 2021 کے نو ماہ میں یہ خسارہ 42 ارب 71 کروڑ 60 لاکھ 15 ہزار تھا۔ یکم جولائی سے 30 ستمبر 2022 تک تین ماہ کا خسارہ 25 ارب 54 کروڑ 30 لاکھ 9 ہزار ہوا۔ غالب امکان یہی ہے کہ رواں برس کا مجموعی خسارہ 90 سے 95 ارب ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق نو ماہ میں ادارے کا مجموعی ریونیو 120 ارب 64 کروڑ 33 لاکھ 30 ہزار روپے کا تھا جبکہ گزشتہ برس کے 9 ماہ میں مجموعی ریونیو 49 ارب 36 کروڑ 51 لاکھ 14 ہزار روپے رہا۔ جہاز کے ایندھن اور “دیگر” اخراجات کی مد میں رواں برس کے 9 ماہ میں 125 ارب 14 کروڑ 90 لاکھ 86 ہزار جبکہ گزشتہ برس اسی مدت میں 49 ارب 36 کروڑ 51 لاکھ 14 ہزار خرچ ہوئے۔
ایڈمنسٹریٹو اخراجات اور دیگر کی مد میں 9 ماہ میں 5 ارب 9 کروڑ 75 لاکھ 76 ہزار اور گزشتہ برس 6 ارب 97 کروڑ 70 لاکھ 79 کا نقصان ہوا۔
کرنسی کی تبدیلی کی مد میں رواں برس کے 9 ماہ میں 21 ارب 93 کروڑ 17 لاکھ 95 ہزار اور گزشتہ برس کے نو ماہ میں 5 ارب 17 کروڑ 95 لاکھ 58 ہزار کا نقصان ہوا۔ رواں برس مذکورہ مدت میں 90 کروڑ 48 لاکھ 25 ہزار اور گزشتہ برس کی اسی مدت میں 37 کروڑ 2 لاکھ 38 ہزار روپے ٹیکس جمع کروایا گیا۔