کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے بلاول بھٹّو اور میاں نواز شریف سے پنجاب اسمبلی سے منظور کردہ ممبر اسمبلی استحقاق بل کی حمایت کرنے والے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کے یو جے نے ممبر اسمبلی استحقاق بل میں کی گئی ترامیم کی واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو پی ایف یو جے کی کال پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں اخباری کارکنوں کی نمائندہ تنظیم ایپنک اور سول سوسائٹی کے رہنماوں نے بھی شرکت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے قیام کے بعد سے ہی ملک میں کالے قوانین بنائے جارہے ہیں جس کا مقصد آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر قدغنیں لگانا ہے۔ موجودہ حکومت ایک طرف ایف اے ٹی ایف سے نکلنے کی کوششیں کررہی ہے اور دوسری طرف ایسے کالے قوانین بنائے جارہے ہیں جن کے بعد عالمی برادری پاکستان کو گرے لسٹ کی بجائے بلیک لسٹ بھی کرسکتی ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت اقوام متحدہ کے چارٹرز کے مطابق انتہائی ضروری ہے لیکن حکومتی اقدامات اس کے بالکل برعکس ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ایک طرف سیاستدان ملک میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی باتیں کرتے ہیں اور دوسری طرف کالے قوانین کے ذریعے اسے دبانے کی کوشش کرتے ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ عوام کو ملک میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے حوالے سے پی ٹی ائی کی حکومت سے کوئی امید نہیں ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن جو اس حوالے سے نہایت واضح موقف رکھتی ہیں انہیں اپنے ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے۔ جنہوں نے اس بل کی حمایت کی اور اس کی منظوری میں شریک ہوئے مظاہرے کے دوران ہی پی ایف یو جے کے ملک گیر احتجاج پر پنجاب اسمبلی کی جانب سے بل میں کی گئی صحافی دشمن ترامیم واپس لیے جانے کی پریس ریلیز جاری کی گئی جو جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کی جانب سے پڑھ کر سنائی گئی۔
کے یو جے نے ترامیم واپس لیے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کراچی یونین آف جرنلسٹس نے پی ایف یو جے اور ملک بھر کے پریس کلبز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بل میں ترامیم کے محرک ارکان پنجاب اسمبلی کے پریس کلبز میں داخلے اور ان کی کوریجز پر پابندی عائد کریں۔
مظاہرے سے ایپنک کے مرکزی چیئرمین سید عرفان علی، سول سوسائٹی کے رہنما سید کرامت علی، کے یو جے کے سابق جنرل سیکریٹری احمد خان ملک، ایپنک کے سابق سیکریٹری جنرل عبیداللہ، سینئر خاتون صحافی رضیہ فرید، کے یو جے قائمقام صدر اعجاز شیخ اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے بھی خطاب کیا۔